ترکیہ کے ہائی الیکشن بورڈ(وائی ایس کے) نے اعلان کردیا ہے کہ کوئی امیدوار صدارتی انتخاب میں کامیابی کے لیے مطلوب 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کرسکا ہے۔ بورڈ نے صدر کے انتخاب کے لیے دوسرے مرحلے کے لیے 28 مئی کو ووٹنگ کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
وائے ایس کے کے چیئرمین کے مطابق 35 ہزار ووٹوں کی گنتی ابھی باقی ہے۔ تاہم اب تک کے نتائج کے مطابق صدر رجب طیب ایردوان 49.51 فی صد ووٹ لے سکے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل امیدوار کمال کلچدار اولو نے 44.88 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
انتخابات کرانے والے ادارے سپریم الیکٹورل بورڈ نے کہا ہے کہ وہ انتخابات کی دوڑ میں شریک سیاسی جماعتوں کو بروقت اور ساتھ ساتھ گنتی کے نتائج سے آگاہ کر رہا ہے۔ لیکن اس وقت تک حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گا جب تک ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔
کلچدار اولو انتخابات کے دوسرے دور میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔
انہوں نے اپنے حامیوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے زور دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایردوان کی جماعت ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے عمل میں مداخلت کر رہی ہے۔
دوسری جانب ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران ہی رجب طیب ایردوان کی جماعت کے ہزاروں کارکن انقرہ میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر جمع ہوئے اور پارٹی کے نغموں پر جھومتے رہے۔
رجب طیب ایردوان نے اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم دو کروڑ ساٹھ لاکھ ووٹ حاصل کر کے اپنے مخالف امیدوار سے آگے ہیں اور امید ہے کہ ووٹوں کی اس تعداد میں سرکاری نتیجہ آنے کے بعد مزید اضافہ ہو گا۔”