بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین اضلاع میں جمعہ کوزلزلے کے باعث کچے مکانات کی چھت گرنے سے تین بچے ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق گذشتہ شب چمن اور نواحی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 تھی۔
چمن کے علاقے بلالزئی میں زلزلے کے باعث گرنے والے مکان کے ملبے سے 3 بچوں کی لاشیں ملی ہیں جبکہ ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 5 بچے زخمی بھی ہوئے۔
بلال زئِی کے علاقے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
زلزلے سے پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے تین کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔