بلوچستان کے علاقے نوشکی،تربت،اور بلیدہ میں تین مختلف دھماکوں وفائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزضلع کیچ کے تحصیل بلیدہ کے علاقے میناز میں ایک بم دھماکے میں فیصل آباد کا رہائشی آصف ولد نورحسین نامی شخص زخمی ہوا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے متعلق تحقیقات کررہے ہیں تاہم واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔
دوسری جانب نوشکی ہفتہ کے روزنامعلوم مسلح افراد نے قاضی آباد میں واقع شاپنگ سینٹر کے اندر فائرنگ کرکے آغا ولی نامی شخص کوہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پو لیس نے لا ش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کر دی گئی۔
مزید کارروائی جا ری ہے۔
دریں اثنا تربت شہر سے اطلاعات ہیں کہ فٹبال چوک غلام نبی پمپ کے قریب ایک گیراج میں گیس سلنڈر کا دھماکہ ہوا ہے تاہم جانی نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئے ہیں۔