بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ کے میناز میں بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کی عسکری خواتین یونٹ "کریمہ آرمڈ اسالٹ ڈویژن” (KAAD / کاڈ) نے زبردست پوزیشن سنبھالتے ہوئے علاقے کا مکمل گھیراؤ کر لیا ہے اور تمام مرکزی و ذیلی راستوں پر ناکہ بندی کر کے نقل و حرکت کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
زمینی ویڈیوز اور اطلاعات کے مطابق بھاری اور جدید ہتھیاروں سے لیس خواتین سرمچاروں نے اپنے چہروں کو بی ایل ایف کے پرچم سے ڈھانپ رکھا ہے اور وہ اپنے مرد ساتھی سرمچاروں کے شانہ بشانہ علاقے میں موجود ہیں۔
میناز کے مقام پر ایک انتہائی جذباتی اور تاریخی منظر دیکھنے میں آیا جہاں مقامی عوام، خصوصاً بڑی عمر کی ماؤں اور بہنوں نے ان خواتین سرمچاروں کو گلے لگایا، ان کے ماتھے ،ہاتھ چومے اور ان کی جرات کو بھرپور انداز میں سراہا۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی عوام کے ساتھ گھلتے ملتے ہوئے خواتین سرمچاروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس آزادی کی جنگ کا کھل کر حصہ بنیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ "آج یا کل ہم نے شہید ہو جانا ہے، لیکن اس قومی جنگ کو اب آپ لوگوں کو خود لڑنا ہے، اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔”
ا س موقع پر موجود عوام نے سرمچاروں کے اس جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، بلیدہ میناز کے ان مناظر نے پاکستانی فوج اور اس کی ریاستی مشینری کو شدید ‘شاک’ سے دوچار کر دیا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان کے اندرونی علاقوں سے ریاستی رٹ اب تیزی سے ختم ہو رہی ہے اور عوام کھلے عام مسلح مزاحمت کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔