بلوچستان میں نصیر آبا د کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کے نوتال کے قریب نا معلوم افراد نے دھماکا خیز مواد سے بجلی کے 220kvٹرانسمشن لائن کے ٹاور کو اڑانے کی کوشش سے ٹاور کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
پولیس اور دیگر ٹیمیں پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نصیر آبا د کے علاقے نوتال کے قریب نا معلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے 220kvٹرانسمشن لائن کے ٹاور کو اڑانے کی کوشش کی جس سے ٹاور کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔
دوسری جانب اس حملے کی ذمہ داری آزادی پسند بلوچ مسلح تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ نے قبول کرلی ہے۔
بلوچ ریپبلکن گارڈ کے ترجمان دوستین بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ شب ہمارے سرمچاروں نے نصیر آباد ڈیرہ مراد جمالی کے اوچ پاور پلانٹ سے پنجاب جانے والی بجلی کھمبوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا۔ حملہ ڈیرہ مراد جمالی میر حسن کے مقام پر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد ایک ٹاور زمین بوس جبکہ ایک اور ٹاور شدید متاثر ہوا ہے جس کے بعد اوچ پاور پلانٹ سے پنجاب جانے والی بجلی معطل ہوگئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ٹاوروں کو اڑانے کی ذمہ داری ہماری تنظیم قبول کرتی ہے اور اس طرح کے حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔
دریں اثنا نصیر آباد کے علاقے منجھو شور ی میں بھائی نے فائرنگ کر کے اپنی بہن کو قتل کر دیااور موقع واردات سے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ منجھوشوری کی حدود میں افضل آباد منجھوشوری میں ملزم غلام فرید نے فائرنگ کر کے اپنی بہن مسماۃ ن کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
لا ش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔