بلوچستان کے علاقے لسبیلہ اور پنجگور سے نامعلوم مسلح افرادنے طالب علم سمیت 2افراد کوجبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔
ملنے والی خبروں کے مطابق لسبیلہ یونیورسٹی سے رات گئے ایک طالب علم کو ہاسٹل سے نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ لسبیلہ یونیورسٹی کے پورالی ہاسٹل سے 9th سمسٹر کے طالب علم ڈاکٹر منان کو رات دیر گئے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔
اغوا ہونیوالے طالب علم کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا جارہا ہے جبکہ ساتھی طلباء کے اغوا ہونے پر طلباء نے کلاسز کا بائیکاٹ کرکے لسبیلہ یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک کے سامنے احتجاج کیا۔
یونیورسٹی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ رات ڈھائی بجے کے قریب طالبعلم کو مسلح افراد پورالی ہاسٹل سے اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ اس حوالے سے اوتھل پولیس نے بھی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے ضلع پنجگور سے گاڑی سوار نقاب پوش مسلح افراد نے ایک شخص کو اغواء کرلیا۔
یہ واقعہ پنجگور کے مرکزی بازار چتکان میں پیش آیا ہے۔
اغواء ہونے والے شخص کی شناخت نجیب ولد عبدالحق کے نام سے ہوئی ہے جو پنجگور کے علاقے عیسی سند سر کا رہائشی ہے۔
قریبی دکانداروں کا کہنا ہے نامعلوم مسلح افراد سرف گاڑی پہ سوار تھے جو مسلح اور نقاب پوش تھے اور مزاحمت پر انہوں نے نجیب کو شدید تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ نجیب اپنے دکان میں فوٹوگرافی کا کام کرتا ہے۔
واقع کے بعد قریبی دکانداروں نے خوف و ہراس کی وجہ سے اپنی دکانیں بند کردیں۔
جس مقام پہ یہ واقعہ پیش آیا ہے اس مقام سے پولیس اسٹیشن دو سو اور ایف سی کیمپ سو میٹر کے فاصلے پہ واقع ہے تاہم اس حوالے سے انتظامیہ کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔