ضلع کیچ اور خضدار میں پاکستانی فوج پر حملے، 2 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے اضلاع کیچ اور خضدار میں پاکستانی فوج کو دو الگ الگ کارروائیوں میں بم دھماکے اور مسلح حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں فوج کے دو اہلکار ہلاک جبکہ دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے دشت میں کنچتی کراس کے قریب فرنٹیئر کور (FC) 105 ونگ کی کوئیک ری ایکشن فورس (QRF) کے گشتی دستے پر آئی ای ڈی (IED) بم دھماکہ ہوا ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں دو پاکستانی اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سپاہی رحمت اللہ اور سپاہی اجمیر کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت سپاہی آصف کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام متاثرہ اہلکاروں کو تربت میں ایف سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمی اہلکار کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب، ضلع خضدار کے علاقے پھیشی (کپر) میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک قافلے کو گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنایا، جس کے فوراً بعد فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق اس حملے اور جھڑپوں کے نتیجے میں فورسز کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کے حتمی اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق ہونا باقی ہے۔

واضح رہے کہ ان علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی رہی ہیں، تاہم ان تازہ ترین کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے باضابطہ طور پر قبول نہیں کی گئی ہے۔

Share This Article