پاکستانی فوج کے اہلکاروں نے 8 اور 9 نومبر (2026) کی درمیانی شب ضلع گوادر کی تحصیل جیمڑی کے گاؤں پانوان میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر اکیس سالہ شائستہ بنتِ نور محمد کلمتی کو اغوا کے بعد جبری لاپتہ کر دیا۔
شائستہ، کم سن نوجوان علی اصغر کلمتی کی بڑی بہن ہیں، جنھیں پاکستانی فوج پہلے ہی 16 اپریل 2026 کو اغوا نما گرفتاری کے بعد جبری لاپتہ کر چکی ہے۔
شائستہ کے بڑے بھائی زھیر نور علاقے میں انسانی حقوق کے لیے متحرک شخصیت ہیں۔ وہ خود بھی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج کی پاداش میں قید و بند اور مقدمات کا سامنا کر چکے ہیں۔ پاکستانی فوج کی جانب سے ماورائے عدالت گرفتاری سے بچنے کے لیے زھیر نور پانوان کے ان افراد میں شامل ہیں جو جبری نقل مکانی کر چکے ہیں۔
عینی شاہدین اور اہلِ خانہ کے مطابق مرد و خواتین اہلکاروں پر مشتمل فوجی ٹیم نے رات تقریباً ایک بجے گھر پر چھاپہ مارا اور شائستہ کو اپنے ساتھ لے گئی۔ اس سے ایک روز قبل بھی فوجی اہلکاروں نے اسی گھر پر حملہ کر کے اہلِ خانہ کو زد و کوب کیا اور شائستہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی تھی، جسے اہلِ خانہ نے مداخلت کر کے ناکام بنا دیا تھا۔ دوسری بار مزید نفری کے ساتھ آ کر اہلکار انھیں لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شائستہ نور بیمار ہیں اور زیرِ علاج تھیں۔ انھیں دل اور خون کی بیماری لاحق ہے، جس کے باعث انھیں انتہائی نگہداشت اور مسلسل طبی علاج کی ضرورت ہے۔ حراست کے دوران علاج نہ ملنے سے ان کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
یہ خاندان پانوان کے درجنوں دیگر خاندانوں کی طرح اجتماعی سزا کا نشانہ ہے۔ فوج ان خاندانوں کے گھر بھی مسمار کر چکی ہے۔ گھروں کی مسماری، مسلسل اغوا نما گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کے پے در پے واقعات کے بعد پانوان سے بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کر کے مغربی بلوچستان منتقل ہو چکے ہیں۔
علاقے میں پاکستانی فوج براہِ راست کارروائیوں کے ساتھ ساتھ اپنے مقامی ڈیتھ اسکواڈز کے ذریعے بھی لوگوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ معاشی و سماجی گھیراؤ کے باعث مقامی آبادی شدید نفسیاتی دباؤ اور مسلسل خوف کی حالت میں زندگی گزار رہی ہے، جس کے نتیجے میں کئی گھرانے اپنے آبائی علاقوں میں آئی ڈی پیز بن چکے ہیں۔ کراچی اور دیگر شہروں میں منتقل ہونے والوں کو بھی فوج نے جبری گمشدگیوں اور گرفتاریوں کا نشانہ بنایا۔ غیر محفوظ حالات کے سبب درجنوں خاندان ایران کے زیرِ انتظام مغربی بلوچستان منتقل ہو چکے ہیں۔
مغربی بلوچستان منتقل ہونے کے باوجود پاکستانی فوج وہاں بھی اپنے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے ان خاندانوں کو نشانہ بنانے اور دیگر ذرائع سے دباؤ میں رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس صورتِ حال میں پُرامن شہری بقا اور تحفظ کے سنگین ترین حالات سے گزر رہے ہیں۔