بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں سونارو پاٹ ندی کے قریب پاکستانی فوج کی جانب سے ایک آبادی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 3 خواتین شدید زخمی ہو گئی ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے اور شہریوں نے شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر کے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رات گئے فوج نے تحصیل ودھ کے علاقے سونارو پاٹ ندی کے قریب واقع ایک مقامی گاؤں کو نشانہ بناتے ہوئے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے اس خوفناک واقعے کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ گھروں میں موجود 3 خواتین گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوئیں۔
فورسز کی اس کارروائی کے خلاف علاقے میں شدید اشتعال اور غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ مقامی شہریوں اور قرب و جوار کے لوگوں نے لاشوں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا ہے، جس کے باعث تمام مواصلاتی و تجارتی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ نہتے شہریوں اور آبادی پر حملے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور علاقے میں جاری اس نوعیت کی متشدد کارروائیوں کا سلسلہ فی الفور روکا جائے۔
واقعہ کے مزید تفصیلات آنا باقی ہیں۔