زیارت مانگی ڈیم حملہ، ایس پی معطل، واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق مانگی ڈیم میں مسلح حملہ کے بعد ایس پی زیارت معطل جبکہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے چیئرمین سی ایم آئی ٹی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سینئر ڈی آئی جی پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے شامل ہوں گے ۔

انکوائری کمیٹی مسلح حملے سے قبل، دوران اور بعد کے تمام واقعات اور سیکیورٹی ردعمل کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی سیکیورٹی اداروں کی تیاری، کمانڈ اینڈ کنٹرول، رابطہ کاری اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لے گی غفلت، کوتاہی، آپریشنل خامیوں یا ذمہ داری کے تعین کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

انکوائری کمیٹی مانگی ڈیم اور بلوچستان کی اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فوری، درمیانی اور طویل المدتی سیکیورٹی اقدامات تجویز کرے گی، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پالیسی، ادارہ جاتی اور آپریشنل اصلاحات بھی تجویز کی جائیں گی۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق انکوائری کمیٹی کو ریکارڈ طلب کرنے، افسران کو طلب کرنے، گواہوں کے بیانات لینے، جائے وقوعہ کے معائنے اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے مکمل اختیارات دے دیے گئے۔

انکوائری کمیٹی پندرہ روز کے اندر اپنی رپورٹ حکومت بلوچستان کو پیش کرے گی عوام کے جان و مال کے تحفظ میں غفلت یا نااہلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز ضلع زیارت کے فیز-III کچھ مانگی علاقے میں ایک مسلح حملے میں 2 اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (SHOs) سمیت کم از کم 9 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے ۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (DHQ) ہسپتال کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 15 لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں۔

ان میں سے 9 کی شناخت پولیس اہلکاروں کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ باقی متاثرین کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔

Share This Article