ہرنائی فائرنگ واقعے سے ہماری تنظیم کا کوئی تعلق نہیں ،بی ایل اے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ لبریشن آرمی( بی ایل اے ) کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری ایک پریس ریلیز میں ہرنائی میں فائرنگ کے واقعے سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ منگل کے روز ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں چونگی روڈ پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے سے، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جانبحق اور چار زخمی ہوئے ہیں، بلوچ لبریشن آرمی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ بعض حلقوں اور قابض فوج کے اداروں کی جانب سے اس واقعے کو بی ایل اے سے منسلک کرنے کی دانستہ کوششیں قطعی طور پر بے بنیاد اور حقیقت کے برعکس ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بی ایل اے یہ واضح کرنا ضروری سمجھتی ہے کہ تنظیم کے لیئے یہ نہ تو ممکن ہے اور نہ ہی وہ اس بات کی پابند ہے کہ دھرتی پر ہونے والے ہر اس واقعے کی الگ سے تردید جاری کرے جو اس نے سرانجام نہیں دیا ہے۔ کسی بھی عسکری کارروائی کے حوالے سے تنظیم کی شمولیت کی تصدیق یا تردید کا واحد معتبر ذریعہ بی ایل اے کے آفیشل میڈیا چینلز ہیں۔ اگر کسی واقعے کی ذمہ داری بی ایل اے کے باقاعدہ اور آفیشل ذرائع سے قبول نہیں کی گئی، تو اسے تنظیم کی طرف سے خود بخود تردید ہی سمجھا جائے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی ایک منظم اور ذمہ دار عسکری تنظیم ہے، جس کے اہداف اور پالیسیاں بالکل واضح ہیں۔ جب بھی ہمارے سرمچار اپنے متعین اہداف کے خلاف کوئی کارروائی سرانجام دیتی ہیں، تو تنظیم اس آپریشن کی ذمہ داری برملا قبول کرتی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روزبلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کلی شور چونگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے شاہرگ پولیس تھانے کو آگ لگا دی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

Share This Article