افغانستان میں پاکستان نے فضائی کارروائی کی ہے جس سے خواتین و بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ افغانستان کے جوابی حملے میں پاکستانی فورسز کوجانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں ۔دونوں ممالک کے مابین حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔
افغان طالبان کے مطابق رات کو تین بجے پاکستان کے جنگی طیاروں نے افغانستان کے دو صوبوں میں شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا ہے۔
افغان طالبان کے تر جمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ اتوار کی شب تین بجے کے قریب پاکستانی طیاروں نے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل اور صوبہ خوست کے ضلع سیپرہ میں شہریوں کے گھروں پر بمباری کی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کی فضائی کارروائی میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں پانچ خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے بیان میں کہا ہے کہ بظاہر ’جس عبداللہ شاہ کا ذکر کیا جا رہا ہے کہ اس کے مکان کو نشانہ بنایا گیا ہے، وہ افغانستان میں نہیں بلکہ پاکستان میں رہتا ہے۔‘
پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے افغانستان میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پاکستان نے افغان حدود میں کارروائی کی ہے۔
دعوے میں کہا گیا کہ اس کارروائی میں حافظ گل بہادر گروپ سے وابستہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا جو کہ ٹی ٹی پی کے ہمراہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور پاکستانیوں کی اموات میں ملوث ہیں۔ حالیہ کارروائی میں انہوں نے 16 مارچ کو میر علی میں پاکستان کی فوج کے سات اہلکاروں کو ہلاک کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان گزشتہ دو برس سے متواتر افغانستان کی عبوری حکومت کو ان کی سر زمین پر موجود ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق خدشات سے آگاہ کرتا رہا ہے۔
پاکستان نے افغانستان میں برسر اقتدار طالبان پر الزام لگایا ہے کہ افغانستان میں بعض عناصر ٹی ٹی پی کی سرپرستی میں مصروف ہیں اور ان کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق افغانستان میں برسرِ اقتدار عناصر کو اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کی ضرورت ہے کیوں کہ وہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں جن کے ہاتھ پاکستانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
جبکہ دوسری جانب افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ آج صبح پاکستانی جنگی طیارے افغان سرزمین میں داخل ہوئے اور خوست، برمل اور پکتیکا میں عام شہریوں کے گھروں پر بمباری کی۔اور پاکستان کی اس جارحیت کے جواب‘ میں افغانستان کی سرحدی فورسز نے سرحد پار پاکستانی فوج کے مراکز کو نشانہ بنایا۔‘
ان کاکہان تھا کہ ملک کی دفاعی اور سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور ہر صورت علاقائی سلامتی کا تحفظ کریں گی۔
کہا جارہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جھڑپ میں چار شہری زخمی ہوئے ہیں جنھیں پاڑا چنار ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا ہے جبکہ سرحد پر کشیدگی برقرار ہے جہاں گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ صبح سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال پاڑا چنار کے میڈیکل سپرنٹڈنٹ ڈاکٹر میر حسن نے بتایا کہ ہسپتال میں چار زخمیوں کو لایا گیا ہے جنھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاروں افراد سرحد کے قریب کے رہائشی ہیں اور انھیں معمولی زخم آئے ہیں۔ ان زخمیوں میں حاجی دلدار حسین ، محمد اقبال ، امجد علی ، اور شباب حسین شامل ہیں۔
مقامی پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ یہ چاروں افراد افغانستان کے جانب سے داغے گئے گولے کے گرنے سے زخمی ہوئے ہیں ۔ یہ واقعہ پاڑہ چنار کے گاؤں شنگ میں پیش آیا ہے۔