بلوچستان سے فوجی ہیلی کاپٹر لاپتہ، کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار، تباہ ہونیکا خدشہ

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے علاقے لسبیلہ سے پاکستانی فوج کاایک ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے جس میں کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوارتھے۔

مذکورہ فوجی ہیلی کاپٹر کے حوالے سے بعض ذرائع کہہ رہے ہیں کہ وہ گرکر تباہ ہوگیا ہے لیکن ابھی تک باقاعدہ اسکی تباہ ہونے کی تصدیق نہیں ہورہی ہے۔

پاکستان فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلوچستان میں ریلیف آپریشن میں مصروف ایک فوجی ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے جس میں کورکمانڈر 12 کور (کوئٹہ) لیفٹننٹ جنرل سرفراز سمیت 6 افراد سوار ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا کہ اس کا ائیر ٹریفک کنٹرول کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا۔ اس ہیلی کاپٹر میں کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افراد سوار تھے۔ کورکمانڈر کوئٹہ امدادی سرگرمیوں کی بلوچستان میں نگرانی کررہے تھے۔ اس ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے۔

اس ہیلی کاپٹر کے غائب ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

پاکستان فوج کی طرف سے ہیلی کاپٹر میں موجود دیگر افراد کی شناخت نہیں بتائی گئی البتہ سوشل میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر کوئٹہ کے علاوہ دو میجر رینک کے پائلٹس، دو بریگیڈئر اور ایک لانس نائک موجود تھے۔

اس ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے پاکستان فوج کے ہیلی کاپٹر علاقہ میں کام کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بعض اکاونٹس سے، مقامی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا ہے لیکن پاکستان فوج کی طرف سے اب تک اس کی تصدیق نہیں کی گئی اور کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی پاکستان فوج کی اہم کورکی کمان کررہے ہیں اور اس سے پہلے وہ ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

سنگر کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر تین ڈسٹرکٹ لسبیلہ، خضدار اور آواران کے درمیان میں لاپتہ ہوا جس کی تلاش کیلئے فوج اور ایف سی کے ساتھ ساتھ پولیس ٹیمیں بھی مصروف ہیں۔

پہاڑی سلسلے کے باعث دشوار گزار علاقے میں تلاش کے عمل میں مشکلات درپیش ہیں جس میں خراب موسم کا بھی عمل دخل ہے۔

فوجی ہیلی کاپٹر کے تلاش کیلئے بلوچستان پولیس ضلع لسبیلہ کی پوری ٹیمیں موٹر سائیکل پر دشوار گزار پہاڑی علاقے چھان رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں آزادی پسند بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے پہاڑی علاقوں میں دوران آپریشن متعدد ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بناکر تباہ کیا گیا ہے۔بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہوسکتا ہے اس ہیلی کاپٹر بھی اسی طرح نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ ہیلی کاپٹر ڈسٹرکٹ لسبیلہ، خضدار اور آواران کے درمیان میں لاپتہ ہواتھا اور ان علاقوں میں مسلح آزادی پسندومتحرک ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment