پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے بلوچستان کے علاقے زیارت میں اغوا ہونے والے کرنل لئیق بیگ کے حوالے سے اپنے ایک تازہ ترین بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اغوا کاروں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ کو ماردیا جبکہ عمرجاوید اب تک ان کے قبضے میں ہے۔
ان کا کہناتھاکہ اغوا کاروں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو 12 اور 13جولائی کی رات زیارت کے قریب سے اغوا کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اغوا کاروں نے کرنل لئیق بیگ کے کزن عمرجاویدکوبھی اغوا کیا تھا جو ابھی تک ان کے قبضے میں ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ اور ان کے کزن کے اغوا کی اطلاع پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورس روانہ کی گئی جس نے اغواکاروں کا پیچھا کرکے ان کا منگی ڈیم کے پاس موجودگی کا سراغ لگایا۔
آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو اغوا کار بھی مارے گئے، سرچ آپریشن میں ایس ایس جی کے جوانوں اور ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا، اغوا کاروں کے قبضے سے اسلحہ وگولا بارود کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ اغواکار مغوی عمر جاوید کو لیکر فرار ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ خراب موسم کے باوجود سکیورٹی فورسز کا علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
واضع رہے کہ پاکستانی کرنل لئیق بیگ مرز اکی گرفتاری وہلاکت کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند بلوچ مسلح تنظیم بی ایل اے نے قبول کرلی تھی۔
بی ایل اے کا اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہنا تھاکہ کرنل لئیق کو بلوچستان پر قابض فوج کا ایک افسر ہونے، معصوم بلوچ خواتین و بچوں کی جبری گمشدگیوں، بلوچ نسل کشی اور دیگر جرائم سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں براہ راست ملوث ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں بلوچ قومی عدالت میں پیش کیا گیا اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا پورا موقع دیا گیا۔ جہاں انہوں نے اپنے تمام جرائم کا اعتراف کیا، جسکی پاداش میں انہیں بلوچ قومی عدالت سے سزائے موت سنائی گئی۔ جسکے فوری بعد سزا پر عملدرآمد کیا گیا۔