شہباز شریف کا عمران خان کیخلاف ریاست مخالف بیانات پر قانونی کارروائی کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے ایبٹ آباد جلسے سے خطاب کو پاکستان کے خلاف ’سازش‘ قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’ایبٹ آباد میں آج ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیا گیا۔ قانونی کارروائی کریں گے۔ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’عمران نیازی سیاست نہیں سازش کر رہا ہے۔ یہ سازش پاکستان کے خلاف ہو رہی ہے۔ ایک شخص کی انا، تکبر اور جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے۔‘

’پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے۔‘

اتوار کو ایبٹ آباد جلسے سے خطاب کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ’اللہ نے ہمیں نیوٹرل بننے کی اجازت نہیں دی۔ ہمیں سچائی، حق اور انصاف کے لیے کھڑے ہونا ہے۔ اللہ نے ہمیں یہ اجازت نہیں دی کہ میں تیتر ہوں نہ بٹیر ہوں۔ نیوٹرل صرف جانور ہوتے ہیں، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے۔‘

’اللہ آپ سے پوچھے گا کیا آپ نے امپورٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد کی۔ آپ یہ نہیں کہہ سکیں گے کہ نہیں میں تو نیوٹرل ہوں۔ بڑا شیر کسی ہرن کو پکڑ لے تو کوئی اسے چھڑانے نہیں آتا کیونکہ وہ نیوٹرل ہیں۔‘

اس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان پر الزام لگایا کہ وہ ’آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے۔ میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔

’عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کر رہا ہے جس میں اُس نے کھایا۔ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں۔ عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے۔ اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔ عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔‘

سابق وزیر اعظم نے اپنی تقریر کے دوران یہ بھی کہا تھا کہ ’مسلمانوں، مغلوں کے گورنر سراج الدولہ کے سپہ سلار، کمانڈر ان چیف میر جعفر نے سراج الدولہ اور مسلمانوں سے انگریزوں کے ساتھ مل کر غداری کی۔ انگریز جیتے اور بنگال، مغلوں کا سب سے امیر صوبہ، غلامی میں گیا، وہاں قحط پڑے۔ انگریزوں نے اتنا لوٹا کہ وہاں لاکھوں لوگ بھوک سے مر گئے۔‘

Share This Article
Leave a Comment