بلوچستان کے علاقے ڈیرہ اللہ یارمیں دو مختلف واقعات میں دو خواتین کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ گولیاں لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
جھڈیر شاخ کے علاقے گوٹھ ارسلان جکھرانی میں ایک شخص نے سیاہ کاری کے الزام میں اپنی بیوی شاد بخت اور قریبی رشتہ دار غلام مرتضیٰ جکھرانی پر آتشی اسلحہ سے فائرنگ کردی جسکے باعث خاتون موقع پر ہلاک ہوگئی جبکہ مرد شدید زخمی ہوگیا۔
واقعہ کے بعدملزم آلہ قتل سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسرے واقعہ میں قیدی شاخ کے علاقے میں حاجن جکھرانی نامی ایک شخص نے اپنی بھابھی سچل خاتون زوجہ ساجن علی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور جائے وقوع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو رنجش کی بنا پر پیش آیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر دونوں نعشیں اور زخمی کو ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
تاہم زخمی کو مزید علاج کے لئے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔