بلوچستان کے ضلرع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ بسول کے شہدا کو سرکاری سطح پر شہید قرار دے کر ان کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کیا جائے اور حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کا علاج سرکاری خرچ پر کرایا جائے۔ مکران کوسٹل ہائی وے کو فوری طور پر دو رویہ بنانے کی منظوری دی جائے اور تربت تا کراچی براستہ آواران، بیلہ زیرِ تعمیر شاہراہ کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی شوکت دشتی، جمال شکیل، بی این پی عوامی کے ضلعی صدر عابد نور، آفتاب گچکی، نوید تاج، بہار ہاشم اور اسماعیل ملک سمیت دیگر موجود تھے۔
تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر آئے روز پیش آنے والے جان لیوا حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی تشویش ناک ہے۔ حالیہ سانحہ بسول نے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ سنگل وے شاہراہ، ٹریفک کا بڑھتا ہوا دباؤ، بھاری گاڑیوں کی آمدورفت اور غیر مؤثر سفری انتظامات انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوسٹل ہائی وے کو دو رویہ بنانے کا منصوبہ مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ حکومت فوری طور پر اس کی منظوری دے۔ تربت تا کراچی براستہ آواران، بیلہ زیرِ تعمیر متبادل شاہراہ کی تکمیل بھی یقینی بنائی جائے، جس سے نہ صرف سفری فاصلہ کم ہوگا بلکہ کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
گلزار دوست نے مسافر بسوں کو مختلف سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر بار بار تلاشی کے نام پر گھنٹوں روکنے اور مسافروں کو پریشان کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر چیکنگ ضروری ہے تو اسے ایک مربوط نظام کے تحت ایک ہی مقام پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تلار چیک پوسٹ پر شام پانچ بجے کے بعد پہنچنے والی گاڑیوں کو اگلی صبح تک روکنے کے عمل کو بھی غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی سے آنے والی بسیں راستے میں مختلف چیک پوسٹوں پر تاخیر کے باعث مقررہ وقت پر تلار نہیں پہنچ پاتیں، جس کی سزا مسافروں کو بھگتنا پڑتی ہے۔
انہوں نے تربت سے کراچی کے لیے شام کے اوقات میں مسافر بسوں کی آمدورفت پر گزشتہ تقریباً دو سال سے عائد پابندی ختم کرکے شام کی سفری سہولت بحال کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تمام مسافر بسوں کی صبح کے وقت روانگی سے کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک کا دباؤ بڑھتا ہے۔ اگر شام کی بس سروس بحال نہیں کی جاتی تو دن کے اوقات میں آئل ٹینکرز، باؤزرز اور دیگر بھاری مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کرکے انہیں صرف رات کے اوقات میں سفر کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ باؤزرز اور بھاری گاڑیوں کے باعث کوسٹل ہائی وے پر متعدد جان لیوا حادثات پیش آچکے ہیں جن میں درجنوں انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے فوری عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
گلزار دوست نے تمام سیاسی و سماجی جماعتوں، تاجر برادری، وکلاء، صحافیوں، ٹرانسپورٹرز، نوجوانوں اور مکران کی باشعور شخصیات سے اپیل کی کہ وہ ان عوامی مطالبات کی حمایت کریں اور کوسٹل ہائی وے کو محفوظ بنانے، متبادل شاہراہ کی تعمیر مکمل کرانے اور مسافروں کے بنیادی سفری حقوق کے تحفظ کے لیے ایک منظم مشترکہ عوامی مہم میں تربت سول سوسائٹی کا ساتھ دیں۔