وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کا جبری گمشدگیوں کے خلاف قائم احتجاجی کیمپ آج 6423ویں روز بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری رہا۔
آج صغیر احمد بلوچ اور اقرار احمد بلوچ کے اہلِ خانہ نے کیمپ میں بیٹھ کر اپنے پیاروں کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس موقع پر نسیدہ بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی صغیر احمد بلوچ اور کزن اقرار احمد بلوچ کو 11 جون 2025 کو اورماڑہ کے بوزی چیک پوسٹ کے قریب سے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔ ان کی گمشدگی کو ایک سال پانچ ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، لیکن تاحال خاندان کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی انہیں کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
نسیدہ بلوچ نے کہا کہ وہ اپنے پیاروں کی باحفاظت بازیابی کے لیے وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ میں تین روز تک اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گی۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں، طلباء تنظیموں اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی کیمپ کا دورہ کرکے ان کے خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور صغیر احمد بلوچ، اقرار احمد بلوچ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار احمد بلوچ کو فوری طور پر باحفاظت بازیاب کرکے خاندان کے حوالے کیا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لاکر آئین و قانون کے مطابق مجاز عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ انہیں صفائی کا حق اور قانونی تحفظ حاصل ہو، بصورتِ دیگر انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔
احتجاجی کیمپ کے دوران کامریڈ منظور بلوچ، امیر بشیر سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کیمپ کا دورہ کیا اور صغیر احمد بلوچ و اقرار احمد بلوچ کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی فوری اور باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی جماعتوں، طلباء تنظیموں، وکلاء برادری اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور تمام لاپتہ افراد کی آئین و قانون کے مطابق بازیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کے خلاف الزام کی صورت میں اسے قانونی طریقہ کار کے مطابق عدالت میں پیش کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جبری گمشدگیوں کا خاتمہ، لاپتہ افراد کی بازیابی اور ان کے خاندانوں کو معلومات کی فراہمی حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔