عراق اور اردن نے سکیورٹی خدشات اور انتہا پسندانہ مواد پھیلانے کے لیے استعمال کیے جانے کے پیشِ نظر میسجنگ ایپ ٹیلیگرام پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اردن کے محکمۂ پبلک سکیورٹی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ڈیجیٹل سکیورٹی کو مضبوط بنانا، سائبر جرائم، دھمکیوں، بلیک میلنگ اور غیر قانونی مواد کی تشہیر روکنا ہے۔ حکام نے انتہا پسندی کے پھیلاؤ اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کی روک تھام کو بھی اس فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب عراق کے کمیشن برائے مواصلات و میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وزیرِاعظم علی زیدی کے حکم پر ملک میں ٹیلیگرام کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کمیشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے ذریعے انتہا پسندی کو فروغ دینے، تشدد پر اکسانے اور نفرت پھیلانے کی روک تھام ہے۔ کمیشن نے ٹیلیگرام کو عراقی قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنی سرگرمیاں ڈھالنے کے لیے 30 دن کی مہلت بھی دی ہے۔
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عراقی وزیرِاعظم اور ایران کے حمایت یافتہ ایک طاقتور مسلح گروہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس گروہ سے وابستہ افراد ٹیلیگرام کا بڑے پیمانے پر استعمال کرتے ہیں۔ عراق میں سرکاری ادارے، ذرائع ابلاغ اور مسلح گروہ بھی اس میسجنگ ایپ کا استعمال کرتے ہیں۔
ان فیصلوں پر ردعمل دیتے ہوئے ٹیلیگرام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ نقصان دہ مواد ہٹانے کے لیے اقدامات کرے گا، تاہم تحقیقاتی صحافت، پُرامن اظہارِ رائے کی آزادی یا احتجاج کی اپیلوں پر سنسرشپ نہیں کرے گا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ اس نے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے وسیع اقدامات کیے ہیں، جو اپنے ایک ارب سے زیادہ صارفین کے تحفظ کے لیے اس کی قانونی ذمہ داریوں سے بھی بڑھ کر ہیں۔
عراق نے اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے دوران بھی کچھ عرصے کے لیے ٹیلیگرام تک رسائی محدود کر دی تھی، تاہم اس وقت باضابطہ پابندی کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔