بلوچستان ضلع خضدار میں کسٹم عملہ کے ناروا رویے کے خلاف کوچ ٹرانسپورٹروں نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر بلاک کر دیا ۔
روڈ بلاک ہوتے ہی قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خواتین بچے بزرگ اور مریض گھنٹوں سڑک پر پھنسے رہےٹرانسپورٹرز نے مقامی صحافیوں کو بتایاکہ کسٹم عملہ کی جانب سے بلاوجہ تنگ کیا جارہا ہےجس سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے۔
ان کا مطالبہ تھا کہ کسٹم عملہ اپنے رویے کو درست کرے اور ٹرانسپورٹروں کو بلا جواز پریشان نہ کیا جائےمعاملہ سنگین ہونے پر ڈی آئی جی خضدار رینج اور ایس ایس پی خضدار نے فوری نوٹس لیا اور پولیس کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت جاری کی ان کی ہدایت پر ڈی ایس پی محمد عالم لہڑی ایس ایچ او صدر تھانہ محمد یوسف چانڈیو اور ایس ایچ او سٹی منیر عالم جتک موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس افسران نے درمیان میں پڑ کر کسٹم حکام اور ٹرانسپورٹرزکے درمیان مذاکرات کرائے اور دونوں فریقین کے تحفظات سنےمذاکرات کامیاب ہونے پر ٹرانسپورٹرز نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیاجس کے بعد روڈ کو کھولوا کر ٹریفک بحال کر دی گئی اور قومی شاہراہ پر معمول کی آمدورفت شروع ہو گئی۔
شہریوں اور مسافروں نے پولیس کے بروقت کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ اس طرح کے مسائل مذاکرات سے ہی حل کیے جائیں گے۔