مغربی بلوچستان میں مسلح حملے میں ” بسیج” فورس کا رکن ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

مغربی بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں بسیج کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بسیج، اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) سے وابستہ رضاکار نیم فوجی فورس ہے۔

آئی آر جی سی سے وابستہ خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نجیب شاہ بخش کے نام سے ہوئی ہے، جو مقامی سنی مسلمان تھے۔

ادارے نے کہا کہ وہ مغربی بلوچستان کے دارلحکومت زاہدان کے قریب کورین ضلع میں اپنے گھر واپس جاتے ہوئے مارے گئے۔

آئی آر جی سی نے مغربی بلوچستان میں سکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے مقامی رہائشیوں کو بھرتی کر کے انھیں خصوصی سکیورٹی پروگراموں کا حصہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

مغربی بلوچستان کو طویل عرصے سے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس کی ایک وجہ وسیع پیمانے پر غربت کے خلاف عوامی بےچینی ہے، جبکہ بعض سنی باشندوں کا خیال ہے کہ شیعہ اکثریتی ملک میں ان کے ساتھ مذہبی امتیاز برتا جاتا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے ساتھ مغربی بلوچستان کی طویل سرحدوں نے بھی سکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، کیونکہ ان کے ذریعے مختلف مسلح گروہوں کی نقل و حرکت ممکن ہوتی رہی ہے۔ ان گروہوں میں جیش العدل بھی شامل ہے، جس نے دیگر تنظیموں کے ساتھ اتحاد کے بعد اپنا نام پیپلز ریزسٹنس فرنٹ رکھ لیا تھا۔

اس کے علاوہ سرحد پار سرگرم منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس بھی خطے کی سکیورٹی کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھے جاتے ہیں۔

Share This Article