تیرہ نومبر1839 بلوچ قومی تاریخ کا سنہرا باب ہے ،نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ 13 نومبر بلوچ قومی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، جب سابقہ انگریزی نوآبادیاتی تسلط کے خلاف قلات ریاست کے خان محراب خان احمدزئی بلوچ نے علمِ بغاوت بلند کرتے ہوئے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت دورانِ مزاحمت جامِ شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ دن بلوچ قوم کو آزادی اور قومی خودمختاری کا شعور فراہم کرتا ہے اور یہ درس دیتا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، اپنی قومی غیرت اور وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ یہ دن بلوچ قوم کی اجتماعی پہچان اور قومی شناخت کے بقا کو تقویت فراہم کرتا ہے کہ بلوچ کی اپنی تاریخ، ثقافت اور روایات ہیں، جو اسے ہزاروں نسلوں کے تاریخی و تہذیبی ارتقا کے عمل سے ورثے میں ملی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہر سال 13 نومبر بلوچ قوم کو اپنے قومی بقا اور سامراجی تسلط کے خلاف متحد ہونے کا درس دیتا ہے۔ سابقہ انگریزی سامراج سے 11 اگست 1947ء کو آزادی حاصل کرنا بلوچ قوم کی مزاحمتی جدوجہد کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ بلوچ بحیثیتِ قوم ہر طرح کی محکومیت اور استعماریت کے خلاف متحد ہوکر سامراجیت کی ریڑھ کی ہڈی توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 13 نومبر 1839ء کی بغاوت سے شروع ہونے والی مزاحمت کا تسلسل بالآخر 11 اگست 1947ء کو آزادی کی صورت میں سامنے آیا، جبکہ ہمارے اسلاف کی جدوجہد اور قربانیاں اس قومی شعور کی عکاسی کرتی ہیں جسے بلوچ قوم نے اپنے عمل سے آج تک زندہ رکھا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی بلوچ وطن کے ان تمام شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے 13 نومبر 1839ء کے شہدا کی پیروی کرتے ہوئے بلوچ وطن کے دفاع اور آبیاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس گلزمین کو آج تک سرسبز و شاداب رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

Share This Article