وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ جاری، جبری لاپتہ کامران خان کے لواحقین کی شرکت

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6417ویں روز بھی جاری رہا، جہاں جبری لاپتہ کامران خان کے لواحقین نے شرکت کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اس موقع پر کامران خان کے لواحقین نے بتایا کہ ان کے پیارے کو رواں سال یکم اپریل کو کوئٹہ کے علاقے کشمیر آباد سے ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ تاحال نہ انہیں کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور نہ ہی خاندان کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جارہی ہیں، جس کے باعث پورا خاندان شدید ذہنی کرب اور پریشانی میں مبتلا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ کامران خان کی بازیابی یقینی بنائی جائے اور خاندان کو ان کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

چیئرمین وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نصراللہ بلوچ نے کہا کہ کسی بھی شہری کو حراست میں لینے کے بعد قانون کے مطابق 24 گھنٹوں کے اندر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا ریاستی اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ اگر کامران خان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنا اور خاندان کو ان کے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنا بنیادی انسانی حقوق اور آئین کے منافی ہے۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کامران خان کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے ان کے اہلخانہ کو ان کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

Share This Article