پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں ضلع گوادر کے علاقے جیونی (پانوان) سے 21 سالہ خاتون شائستہ نور کلمتی کو گھر سے مبینہ طور پر زبردستی اٹھا کر لاپتہ کرنے، ان کے بھائی علی اصغر کلمتی کی طویل جبری گمشدگی، گھر کی مسماری اور خاندان کو مسلسل ریاستی دباؤ و ہراسانی کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق، آئین اور قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شہری کو قانون کے مقررہ طریقہ کار کے بغیر گرفتار کرنا، نامعلوم مقام پر منتقل کرنا اور اس کے خاندان کو مسلسل خوف و ہراس میں مبتلا رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اگر شائستہ نور کلمتی کے خلاف کوئی مقدمہ درج تھا تو انہیں قانون کے مطابق گرفتار کر کے بروقت عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ رات کی تاریکی میں گھر پر چھاپہ مار کر ایک نوجوان خاتون کو زبردستی اٹھانا اور اہلِ خانہ کو ہراساں کرنا غیر قانونی اور غیر انسانی طرزِ عمل ہے، کیونکہ کسی مقدمے میں نامزدگی شہری کے بنیادی حقوق سلب کرنے یا غیر قانونی حراست کا جواز فراہم نہیں کرتی۔
بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شائستہ نور کلمتی دل کے عارضے اور خون کی بیماری میں مبتلا ہیں، ان کی دل کی سرجری بھی ہو چکی ہے اور انہیں مسلسل علاج، ادویات اور طبی نگرانی کی اشد ضرورت ہے۔ ایسے حالات میں انہیں حراست میں رکھنا اور مناسب طبی سہولیات فراہم نہ کرنا ان کی زندگی کو سنگین خطرات سے دوچار کرنے کے مترادف ہے، لہٰذا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ ان کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے فوری طور پر مکمل طبی سہولیات فراہم کریں۔
پارٹی بیان میں مزید کہا گیا کہ شائستہ نور کلمتی کے خاندان کو طویل عرصے سے مسلسل چھاپوں، گرفتاریوں، معاشی نقصان اور اجتماعی سزا جیسے اقدامات کا سامنا ہے۔ ان کے بھائی علی اصغر کلمتی کو بھی 16 اپریل کو حراست میں لینے کے بعد تاحال منظرِ عام پر نہیں لایا گیا، جبکہ خاندان کے گھر کو مسمار کرنے، روزگار کے واحد ذریعے کو چھیننے اور خواتین و بچوں کو خوف و ہراس میں مبتلا رکھنے کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں خواتین، بچوں اور عام شہریوں کو اس طرح اجتماعی سزا کا نشانہ بنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہو سکتی۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان اور پشتونخوا وطن میں جبری گمشدگیوں، غیر قانونی گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں اور خاندانوں کو اجتماعی سزا دینے کے واقعات انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے منافی ہیں، جن سے عوام میں عدم تحفظ اور ریاستی اداروں پر عدم اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ ریاست اور اس کے تمام ادارے آئین و قانون کے پابند ہیں اور انہیں شہریوں کی جان، مال، عزت اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔
بیان مطالبہ کیا گیا کہ شائستہ نور کلمتی کو فوری طور پر رہا کیا جائے، یا اگر ان کے خلاف کوئی قانونی الزام ہے تو شفاف قانونی طریقہ کار کے تحت عدالت میں پیش کر کے ان کے بنیادی حقوق اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ان کے بھائی علی اصغر کلمتی کو فوری طور پر منظرِ عام پر لا کر بحفاظت بازیاب کیا جائے۔ متاثرہ خاندان کو مزید ہراسانی اور غیر قانونی کارروائیوں سے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ گھر کی مسماری، معاشی نقصان اور مسلسل چھاپوں کے ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اعادہ کیا کہ جبری گمشدگیاں، غیر قانونی حراست اور اجتماعی سزا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، اور ان اقدامات کا فوری خاتمہ کرتے ہوئے شہریوں کے آئینی و انسانی حقوق کا احترام ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔