مکران میڈیکل کالج انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے ساتھ ناروا سلوک قابلِ مذمت ہے،بساک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی نظام مسلسل جانبدار طرز پر چلنے کا شکار ہوتا جا رہا ہے، جس سے ایک غیر یقینی صورتحال جنم لے رہی ہے۔ اسی ڈگر پر چلتے ہوئے مکران میڈیکل کالج انتظامیہ مسلسل طلبہ کے ساتھ ایک انتہائی متعصب رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ طلبہ کو وائیوا امتحانات میں امتحانی تعصب کی بنا پر ہمیشہ فیل کیا جا رہا ہے، جس سے ان کا تعلیمی کیریئر داؤ پر لگا ہوا ہے۔ کالج انتظامیہ کیجانب سے جہاں ایک جانب ٹیچرز کو باقائدہ کلاس لینے پر پابند نہیں کیا جاتا، وہیں دوسری جانب طلبہ کو وائیوا امتحانات میں مسلسل فیل کیا جاتا ہے، اور پھر سپلیمینٹری پیپرز میں وائیوا کے ذریعے اینیول لگایا جاتا ہے- مکران میڈیکل کالج کے طلبہ نے پہلے بھی اس مسئلے پر آواز اٹھا کر احتجاج کیا ہے، لیکن آج تک اس مسئلے کا کوئی بھی خاطر خواہ حل نہیں نکالا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مکران میڈیکل کالج انتظامیہ اس مسئلے پر بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکران میڈیکل کالج انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے ساتھ دھمکی آمیز رویہ اور متعصب امتحانی طریقہ اپنانا ایک تعلیم دشمن عمل ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ اس طرز پر کوئی کاروبار نہیں چلایا جاتا، جس طرح بلوچستان میں تعلیمی ادارے چلائے جا رہے ہیں۔ بلوچستان کے تعلیمی ادارے ہمیشہ سے اس طرح کے مسائل کا شکار ہیں، جو تعلیمی اداروں کی شان کے شایان نہیں۔ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ طلبہ کے تعلیمی کیریئر کو داؤ پر لگانے کے بجائے ان کے لیے آسانی سمیت جدید سہولیات پیدا کریں، جس سے طلبہ موقع اٹھا کر استفادہ کر سکیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم بطور ایک ذمہ دار طلبہ تنظیم، بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کے ساتھ ناروا سلوک، دھمکی آمیز رویہ اور امتحانی تعصب جیسی تعلیم دشمن پالیسیوں کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ مکران میڈیکل کالج انتظامیہ سمیت بلوچستان کے تمام تعلیمی اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ان مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیں، تاکہ طلبہ کے کیریئر اور تعلیمی سال کو کوئی خدشہ لاحق نہ ہو۔ مکران میڈیکل کالج کے طلبہ، جو پچھلے 6 دن سے احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہیں، ان کے مطالبات سن کر ان کی فوری شنوائی کی جائے، اور طلبہ کے تعلیمی سفر میں آسانی اور سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

Share This Article