ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر اِن چیف احمد وحیدی نے کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام دھمکیوں، دباؤ اور بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود جاری رہے گا۔
ایرو سپیس ڈے کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں، جسے ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے شائع کیا، احمد وحیدی نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بانی سمجھے جانے والے حسن طہرانی مقدم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک کی دفاعی طاقت کو پہاڑوں کے اندر اور زیرِ زمین تنصیبات میں مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ ’دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ شہید طہرانی مقدم کا راستہ دھمکیوں یا پابندیوں سے نہیں روکا جا سکتا۔ یہ راستہ خون اور ایمان کے ساتھ جاری رہے گا۔‘
انھوں نے سابق پاسداران انقلاب ایرو اسپیس کمانڈرز امیر علی حاجی زادہ اور محمود باقری کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور فورس کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ایران کی عسکری اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھیں۔
دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف ایک اور جنگ شروع کی تو مغربی ایشیا سے لے کر یورپ تک اس کارروائی میں شامل تمام فوجی اڈے ایرانی حملوں کے جائز اہداف ہوں گے۔
بدھ کو عرب نشریاتی ادارے المدین کو دیے گئے انٹرویو کے مندرجات منظرِ عام پر آنے کے بعد محسن رضائی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ یا اس کے اتحادیوں کے لیے کوئی مقام محفوظ نہیں ہو گا۔
المدین کے ساتھ گفتگو میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے یورینیم پروگرام کے حوالے سے ’ایک ذرہ بھی‘ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور اگر امریکہ کی جانب سے نئے حملے کیے گئے تو تہران اپنے فوجی ردعمل کا دائرہ مزید وسیع کر سکتا ہے۔