بلوچستان کے ضلع نوشکی میں تین افراد کے قتل کے چند گھنٹوں بعد مسلح افراد نے قبرستان سے ایک مقتول نوجوان کی میت چھین لی جبکہ جنازے میں شریک ایک شخص کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق منگل کو نوشکی کی گوشت مارکیٹ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نوجوان جہانزیب ہلاک ہوگیا تھا۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے قتل میں ملوث ہونے کے شبہے میں دو مبینہ حملہ آوروں کو حراست میں لیا، جنہیں بعدازاں گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔
واقعے کے چند گھنٹوں بعد منگل کی شب جہانزیب کی میت تدفین کے لیے کلی غریب آباد کے قبرستان لائی گئی تو 20 سے زائد مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر وہاں پہنچ گئے۔
مسلح افراد نے قبرستان سے جہانزیب کی میت اپنے قبضے میں لے لی اور اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اس دوران انہوں نے جنازے میں شریک امیر محمد حسنی نامی شخص کو بھی اغوا کرلیا۔
امیر محمد حسنی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ نوشکی میں قائم ایک ڈرگ ری ہیب سینٹر کے مالک ہیں۔