بلوچستان میں پاکستانی فورسز کی جانب سے جبری گمشدگیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع پنجگور سے 3 افراد کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ سے پہلے سے لاپتہ ایک شہری بازیاب ہو کر گھر پہنچ گیا ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق 3 نومبر 2026 کو دوپہر 2:00 بجے ضلع پنجگور کے علاقے گشتی پروم سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو ایف سی (فرنٹیئر کور) کیمپ پروم طلب کرنے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا۔
لاپتہ کیے جانے والوں میں جلید احمد ولد نور اللہ (عمر 21 سال، پیشہ: مزدور)،عمر اللہ ولد نور اللہ (عمر 23 سال، پیشہ: زمیندار/کسان)اورنصیر ولد نور اللہ (عمر 43 سال، پیشہ: زمیندار/کسان) شامل ہیں۔
بی وائی سی کے مطابق تینوں افراد کو ایف سی کی جانب سے حراست میں لیے جانے کے بعد ان کے مقام کا کوئی پتا نہیں بتایا جا رہا اور وہ تاحال جبری لاپتہ ہیں۔
دوسری جانب، کوئٹہ کے علاقے کلی قمبرانی سے 31 اکتوبر 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیے جانے والے مدثر بلوچ ولد عبد الستار باحفاظت بازیاب ہو کر 9 نومبر 2026 کو کوئٹہ میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔