کوئٹہ: ایوب اسٹیڈیم میں بدامنی، منشیات اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات پر تشویش

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

کھیلوں اور سماجی امور سے وابستہ کوئٹہ کے شہری نور احمد رند نے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ کی گرتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور وہاں بڑھتی ہوئی غیر اخلاقی و غیر قانونی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان اسپورٹس بورڈ اور بلوچستان کے وزیرِ کھیل مینا مجید سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے ایک حالیہ بیان میں انہوں نے حکام کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ کا ماحول دن بہ دن خراب ہوتا جا رہا ہے۔ یہ اسٹیڈیم جو نوجوان کھلاڑیوں کے مستقبل کی تربیت کا مرکز ہے، اب مبینہ طور پر منشیات کے عادی افراد، شرابیوں، جواریوں اور اوباش عناصر کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے۔ ان عناصر کی کھلے عام موجودگی کے باعث کھلاڑیوں، خواتین اور عام شہریوں کا وہاں آنا جانا محال ہو چکا ہے۔

نور احمد رند نے انکشاف کیا کہ اسٹیڈیم میں سیر و تفریح اور کھیلوں کے لیے آنے والی خواتین، بزرگوں اور یہاں تک کہ کم عمر بچیوں کو بھی اوباش عناصر کی جانب سے ہراساں کیے جانے اور نازیبا جملے کسنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جو کہ انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ اس غیر محفوظ ماحول کے باعث اب خاندانوں اور بزرگ شہریوں نے اسٹیڈیم کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے اور خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کھیلوں کے میدان نظم و ضبط اور صحت مند سرگرمیوں کی علامت ہوتے ہیں، لیکن ایوب اسٹیڈیم کی موجودہ حالتِ زار کی وجہ سے نوجوان کھلاڑی شدید مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔ اگر ان منفی سرگرمیوں کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو یہ بلوچستان کے کھیلوں اور نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے ایک بڑا خطرہ بن جائے گا۔

انہوں نے بلوچستان اسپورٹس بورڈ اور بلوچستان کے وزیرِ کھیل میر مینا مجید سے پرزور اپیل کی ہے کہ ایوب اسٹیڈیم کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی کے مؤثر اور مستقل انتظامات کیے جائیں۔ ہراسانی، منشیات فروشی، جوئے اور دیگر غیر قانونی کاموں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کھلاڑیوں، خواتین اور بچوں کو دوبارہ ایک محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کیا جائے۔

نور احمد رند نے اپنے بیان کے آخر میں واضح کیا کہ ایوب اسٹیڈیم صرف کھلاڑیوں کی ترقی اور تربیت کے لیے مختص ہے، اسے غیر قانونی سرگرمیوں کی نذر نہیں ہونے دیا جا سکتا، لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ متعلقہ حکام اس سنگین مسئلے پر فوری اور عملی اقدامات کا مظاہرہ کریں۔

Share This Article