بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پرامن مظاہرین پر پولیس کے وحشیانہ تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف بی وائی سی کی کال پر کوہلو میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
شرکاء نے ریاستی جبر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر گرفتار مظاہرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ فورسز پرامن احتجاج کو کچلنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہیں، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
شرکاء نے اس بربریت کو بلوچ عوام کے خلاف منظم جارحیت قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے واضح کیا کہ بلوچ عوام کو خوفزدہ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور وہ اپنے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت تمام گرفتار مظاہرین کو فوری طور پر رہا کیا جائے، اور قابض ریاست کی جانب سے جاری ظلم و جبر کا خاتمہ کیا جائے۔
احتجاجی ریلی مختلف شاہراہوں سے گزر کر مرکزی مقام پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر مظلوم بلوچ عوام پر ریاستی جبر کا سلسلہ بند نہ ہوا تو احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا۔