ریاست بلوچوں کی لاشیں گرانے کی احمقانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے،رحیم بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بی این ایم کے رہنما رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ جبری گمشدگیوں، جعلی فوجی کارروائیوں میں لاپتہ بلوچ فرزندوں کے قتل، اور ان بلوچ شہداء کی لاشوں کو شناختی عمل سے گذارے بغیر رات کی تاریکی میں دفنانے جیسے ریاستی جرائم کے خلاف بلوچوں کے پُر امن احتجاج پر جس طرح آج شال میں ریاست کے وحشی فورسز نے فائرنگ اور تشدد کرکے تین معصوم بلوچوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کرکے کوئٹہ کو خون میں نہلایاہے اس سے ریاست کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دراصل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلوچ عوام کی دلیرانہ مزاحمت اور آزادی کیلئے بلوچ قوم کے عزمِ مصمم نے قابض ریاست کو حواس باختہ کردیا ہے۔ قابض حواس باختہ ریاست بلوچ قوم کی آواز کو دبانے کیلئے مزید تشدد اور فسطائیت پر اترا ہے۔

بی این ایم رہنما نے مزید کہا کہ ریاست بلوچوں کی لاشیں گرا کر انھیں خاموش کرانے کی احمقانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے یہ فسطائی پالیسی اور ریاستی دہشتگردی یقیناً قابض ریاست کی تباہی اور شکست پر منتج ہوگا۔

Share This Article