برطرف صحافیوں کیلئے عدالتوں سے رجوع کیا جائیگا، بی یو جے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ کا تعارفی اجلاس صدر خلیل احمد کی زیر صدارت میں کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں بی یو جے کی قیادت نے صحافتی اداروں کی جانب سے بیک جنبش قلم صحافیوں کو برطرف کئے جانے کے طرز عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدالتوں سے فوری داد رسی کا فیصلہ کیا ہے۔

بی یو جے کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اجلاس کے یک نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو کے دوران میڈیا مالکان کے صحافیوں کے ساتھ روا غیر قانونی اور غیر آئینی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عامل صحافیوں کے حقوق کی جنگ عدالتوں میں لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ قانونی طور پر میڈیا مالکان صحافیوں کو بغیر کسی نوٹس کے ادارے سے فارغ نہیں کر سکتے، صحافیوں کے آئینی حق کی جدوجہد میں تنظیم اپنی ذمہ داریوں میں تغافل نہیں برتے گی۔

بی یو جے نے تمام متاثرہ صحافیوں کو دو دن میں درخواستیں جمع کرانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواستوں کی وصولی کے بعد وکلا کے ساتھ ملکر صحافیوں کی برطرفی کے معاملے کو جنگی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

Share This Article
Leave a Comment