خضدار: گرلز ڈگری کالج کے طالبات کا پرنسپل کیخلاف دھرنا،ایس ایس ایف کی حمایت

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے علاقے خضدار میں گرلز ڈگری کالج کے طالبات نے پرنسپل کے رویے اور و ٹرانسپورٹ سروس کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاجی دھرنادیا اور شاہراہ بلاک کر دیا۔

گرلز ڈگری کالج خضدار کے طالبات ٹرانسپورٹ و دیگر بنیادی سہولیات کے مطالبات پر شنوائی نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں۔

طالبات کا کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے طالبات کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جارہی ،انتظامیہ طالبات کو ہراساں کر رہی ہے جبکہ کئی طالبات کے موبائل فون بھی چھین لئے گئے ۔

طالبات نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہمارے گھر کالج سے کئی کلومیٹر دور ہیں اور ہم کالج بس کیلئے ہر مہینہ ہزار وں روپے فیس ادا کر رہے ہیں اس کے باوجود ہمیں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دینے میں لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے ۔

طالبات نے کہا کہ ہمیں پینے کے پانی کے مسائل ہیں اور کئی کلاس رومز میں گرمیوں کے موسم میں پنکھے بھی نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حیلے بہانوں سے فائن کے نام پر ہم غریب طالبات سے پیسے لیئے جاتے ہیں۔

دوسری جانب سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ گرلز ڈگری کالج خضدار کالج میں ٹرانسپورٹ کی مد میں فیس طلبی، کلاسز کی بےقاعدگی، اساتذہ کی کمی، کالج انتظامیہ کی جانب سے مختلف ہتھکنڈوں کے زریعے طالبات کو ہراساں کرنے و دیگر مسائل کے باعث طالبات سراپا احتجاج ہیں، تنظیم طالبات کے جائز مطالبات کے حق میں احتجاج کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مزکورہ مسائل کے بارے میں طالبات نے بارہا کالج پرنسپل و دیگر زمہ داران سے ملاقات کی اور مسائل کو حل کرنے کا کہا لیکن طالبات کی خاطر خواہ شنوائی نہیں کی گئی، طالبات اکیڈمک سرگرمیوں کے متاثر ہونے کے باعث پر امن احتجاج پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بوائز ڈگری کالج ، گرلز ڈگری کالج، نرسنگ کالج خضدار ، یو ای ٹی خضدار ، ایس بی کے خضدار سمیت بلوچستان بھر کے تعلیمی ادارے مسائل کا گڑھ بن چکے ہیں، اکیڈمک سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے طلباء و طالبات زہنی تشنگی کا شکار ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم پرنسپل گرلز ڈگری کالج خضدار، ڈی ایم او قلات ڈویژن ، ڈائریکٹر آف جنرل کالجز بلوچستان، خضدار کے مقامی رہنماؤں سمیت دیگر زمہ داران سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ طالبات کے جائز مطالبات پر سنجیدگی سے عمل درآمد کریں تاکہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں مثبت انداز میں جاری رکھ سکیں۔

واضح رہے کہ طالبات کہ احتجاج کے دوران کالج انتظامیہ نے کئی طالبات کو گھنٹوں تک زبردستی کالج میں محصور کرکے ہراساں کیا، لیکن بالآخر معصوم طالبات نے اعلی عہدوں پر بیٹھے مقتدر بالا حلقوں کی جانب سے روا ناروا سلوک کو نظر انداز کرتے ہوئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور مین آر سی ڈی روڈ پر مسافروں کی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا آج کا احتجاجی دھرنا دیا۔

ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مزاکرات میں یقین دھانی پر محدود مدت کے لئے مؤخر کردیا۔

ترجمان نے آخر میں کہا کہ اگر طالبات کے مطالبات پر سنجیدگی سے عمل کرکے گرلز و بوائز ڈگری کالج خضدار کے مسائل حل نہیں کئے گئے تو طلباء و طالبات کے لئے پر امن احتجاج کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا اور تنظیم طلبہ کے احتجاج کو مزید وسعت دیکر سخت لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوگی جس کی تمام تر زمہ داری متعلقہ شخصیات و اداروں پر عائد ہوگی۔

Share This Article
Leave a Comment