بچوں کا عالمی دن: ایچ آر سی کی تقریب میں بچوں کی حقوق کے تحفظ سے متعلق چھ نکاتی قرارداد منظور

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے ریجنل آفس مکران تربت کے زیر اہتمام جمعہ 20 نومبر کو بچوں کا عالمی دن منایا گیا۔

اس موقع پر بچوں کے حقوق کے حوالے سے خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں، اساتذہ، سماجی کارکنوں اور انسانی حقوق کے رضاکاروں نے شرکت کی۔

تقریب سے پروفیسر غنی پرواز، علی چراگ، ماسٹر محمد کریم کچکی، سجاد دشتی، ابراہیم غنی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کے تمام جائز حقوق کا تحفظ ریاست، خاندان اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہر بچے کو تعلیم، صحت، تحفظ، محبت اور بہتر پرورش کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے کا ایک ذمہ دار شہری بن سکے۔

مقررین نے زور دیا کہ بچوں کو جبری مشقت، اغوا، جبری گمشدگی، غیر قانونی و غیر اخلاقی سرگرمیوں، جنگوں اور ان کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جائے۔ اسی طرح تمام بچوں کے لیے تعلیم و تربیت اور صحت و علاج کی سہولیات یقینی بنانے کے ساتھ انہیں آلودگی اور نقصان دہ ماحول سے بھی بچایا جائے۔

موبائل فون اور انٹرنیٹ سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ بچوں کا حق ہے، تاہم اس کے غیر ضروری استعمال اور مضر اثرات سے انہیں محفوظ رکھنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

اس موقع پر چھ نکاتی قرارداد پیش کی گئی جس میں دنیا بھر کی حکومتوں، بالخصوص حکومت پاکستان، متعلقہ خاندانوں اور افراد سے اپیل کی گئی کہ بچوں کے تمام جائز حقوق فراہم کیے جائیں۔

قرارداد میں بچوں کو جبری مشقت، غیر قانونی و غیر اخلاقی سرگرمیوں، اغوا، جبری گمشدگی اور قید و بند سے محفوظ رکھنے، ان کی تعلیم و تربیت اور صحت و علاج کے انتظامات یقینی بنانے، جنگوں اور ان کے مضر اثرات سے بچانے اور انہیں آلودگی و نقصان دہ ماحول سے محفوظ رکھنے پر زور دیا گیا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ بچوں کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سمیت جدید ٹیکنالوجی سے مثبت استفادے کا حق دیا جائے، تاہم اس کے غیر ضروری استعمال اور نقصانات سے بچانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بچوں کو بہتر مواقع اور بنیادی حقوق کی فراہمی سے انہیں ذمہ دار شہری بنانے اور ان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Share This Article