بلوچستان کے مختلف علاقوں وڈھ،تمبو اورلورالائی میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
بلوچستان کے نصیر آبادڈویژن تمبو کے خان کوٹ کے علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق خان کوٹ پولیس تھانہ کی حدود حکیم ڈپ کے نزدیک مسلح افراد نے فائرنگ کرکے عبدالنبی لاشاری کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثہ کے حوالے کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔
دوسی جانب خضدار کی تحصیل وڈھ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق خضدارکی تحصیل وڈھ کے علاقے سارونہ میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
مقتول کی شناخت کامران مری کے نام سے ہوئی۔ جس کی عمر 27 سال بتائی جاتی ہے۔ لیویز واقع سے متعلق تفتیش کررہی ہے۔
علاوہ ازیں لورالائی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور اُسکے بھائی کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لورالائی میں اڈے کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سردار خان کو ہلاک اور اُسکے بھائی عبدالستار کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا ۔
نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی۔
حملے کی وجہ دیرینہ رنجش بتائی جاتی ہے ۔