مقبوضہ بلوچستان کے علاقے بولان میں آج چوتھے روز بھی پاکستانی فوجی آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کو بزگر اور مچھ کے مختلف علاقوں تک وسعت دی گئی ہے۔
آمدہ اطلاعات کے مطابق مچھ شہر میں گذشتہ رات فورسز کی بڑی تعدادپہنچ گئی ہیں جبکہ آج صبح سے پہاڑی سلسلوں میں فوجی آپریشن جاری ہے جس میں گن شپ ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بزگر، گڑانگ، یخو اور اْچ کمان سمیت گردنواح تک آپریشن کو وسعت دی گئی ہے۔ اس دوران مارٹر گولے فائر کرنے سمیت گن شپ ہیلی کاپٹر مختلف مقامات پر شیلنگ کررہے ہیں۔
خیال رہے گذشتہ روز شاہرگ سے متعدد افراد کو فورسز نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا جن میں سے تیرہ افراد کی شناخت ہوئی تھی۔
حکام نے مذکورہ آپریشن کے حوالے سے تاحال کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔ دوسری جانب بلوچ سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ دوران آپریشن عام آبادی کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔