خضدار اور حب میں جبری گمشدگی اور ایک شخص کی قتل کے خلاف احتجاجاً شاہراہیں بلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے خضدار اور حب میں جبری گمشدگی اور ایک شخص کی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے خلاف احتجاجاً شاہراہیں بلاک کردی گئیں۔

خضدار سے اطلاعات ہیں کہ خضدار کے علاقے سنی میں زمزم ہوٹل کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ سمیع اللہ ولد عبدالرزاق میرا جی مینگل کی جبری گمشدگی کے خلاف ورثاء کی جانب سے احتجاجاً بند کر دی گئی ہے۔

ورثاء کے مطابق سمیع اللہ مینگل کو آج صبح خضدار کے علاقے چمروک سے چند نامعلوم افراد ایک گاڑی میں اپنے ساتھ لے گئے، جس کے خلاف لواحقین نے قومی شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی ہے۔

دوسری جانب حب میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر میونسپل کارپوریشن حب کے سینیٹری سپروائزر کے قتل کے خلاف احتجاجاً کوئٹہ کراچی شاہراہ مکمل بند کردی گئی۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حب میں عدالت روڈ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ڈاکوئو ں کی فائرنگ کے نتیجے میں میونسپل کارپوریشن حب کے سینیٹری سپر وائزر نیک محمد رند ہلاک ہوگیا جس کے ردعمل میں میونسپل کارپوریشن حب کے سینیٹری اسٹاف اور رند برادری کی جانب سے احتجاجاً موندرہ چوک کے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کرکے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو مکمل بند کردیا گیااور نیک محمد رند کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔

احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں بعدازاں حب پولیس افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور تین دنوں کے اندر قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر میونسپل کارپوریشن حب کے سینیٹری انچارج حسن رند نے کہا کہ جب تک نیک محمد رند کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت احتجاجاً صفائی ستھرائی کا کام بند رہے گا۔

Share This Article