کیچ و پنجگور میں کسان، طالب علم اور ڈرائیور سمیت مزید 3 بلوچ جبری لاپتہ،ایک دورانِ حراست قتل

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے اضلاع کیچ اور پنجگور میں پاکستانی فورسز، ملٹری انٹیلی جنس اور ڈیتھ اسکواڈز کی جانب سے جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں مسلسل اور تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تازہ اطلاعات اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق کیچ کے مختلف علاقوں سے مزید چار افراد کو لاپتہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پنجگور میں 17 روز قبل لاپتہ کیے گئے ایک نوجوان کو دورانِ حراست قتل کر کے ان کی مسخ شدہ لاش پھینک دی گئی ہے۔

ضلع کیچ کے علاقے مند، گوبرد کے رہائشی 28 سالہ کسان اکرام بلوچ ولد اسماعیل بلوچ کو 26 اکتوبر 2026 کی رات تقریباً 2:00 سے 3:00 بجے کے درمیان مند سورو کے مرکزی بازار سے ملٹری انٹیلی جنس (MI) اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے زبردستی حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اکرام بلوچ کے خاندان سے حالیہ دنوں میں گوبرد سے لاپتہ ہونے والے یہ چوتھے نوجوان ہیں۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور (ایف سی) کی جانب سے اہلِ خانہ کو پہلے سے لاپتہ رشتہ داروں کے شناختی کارڈ اور ڈومیسائل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر اکرام اپنے دو رشتہ داروں کے ساتھ دستاویزات جمع کرانے ایف سی کیمپ گئے۔

کیمپ سے باہر نکلتے ہی ایک سیاہ رنگ کی کرولا گاڑی میں سوار خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے اکرام بلوچ کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر اغوا کر لیا جبکہ ان کے دونوں ساتھیوں کو چھوڑ دیا گیا۔

اسی طرح تربت کے علاقے گیبن سے اطلاعات ہیں کہ گزشتہ شب تقریباً 2:00 بجے مقامی ڈیتھ اسکواڈ کے مسلح افراد نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر 16 سالہ طالب علم شمشیر احمد ولد منیر احمد نادل کو بندوق کے زور پر اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

علاوہ ازیں، کیچ سورگ کے رہائشی حنیف بلوچ ولد پیر محمد کو بھی پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، جس کے بعد سے وہ لامتناہی منتظرین کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب پنجگور کے علاقے ناگ کے رہائشی 24 سالہ بابا بلوچ—جو پیشے کے لحاظ سے زمیاد گاڑی کے ڈرائیور تھےکو 14 اکتوبر 2026 کو کلام چوک پنجگور سے ریاست کی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ نے اغوا کر کے ایف سی کے حوالے کر دیا تھا۔ 17 روز تک شدید اذیت اور غیر قانونی حراست میں رکھنے کے بعد انہیں ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا اور ان کی مسخ شدہ لاش رَکشان کور، پنجگور کے ویرانے سے برآمد ہوئی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ان تمام واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلوچ نوجوانوں کو اجتماعی سزا کا نشانہ بنانا، جبری طور پر لاپتہ کرنا اور پھر دورانِ حراست ان کا قتلِ عام کرنا ایک باقاعدہ پالیسی بن چکا ہے۔

بی وائی سی نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں جاری اس نسل کشی کا فوری نوٹس لیں اور پاکستانی ریاست کو ان انسانی سوز جرائم پر عالمی سطح پر جوابدہ بنائیں۔

Share This Article