بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ کلاتک سے ایک شخص کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ناصر آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے رحیم ولد یوسف نامی شخص پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مقتول کی لاش ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کی گئی جہاں ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ کے محرکات اور ملزمان سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب کلاتک آر ایچ سی ہسپتال سے ایک شخص کی مبینہ اغوا کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق عدنان ولد دل رحم، سکنہ باجوڑ کو نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوار اسلحے کے زور پر اپنے ساتھ لے گئے۔