بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں چہتر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے آنے والی ایک کارگو بس کو اس میں موجود قیمتی سامان اور عملے سمیت اغوا کر لیا ہے۔
پولیس اور سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دیر گئے پیش آیا، جب کوئٹہ سے دالبندین جانے والی ایک کارگو بس کو چہتر کے مقام پر نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے زبردستی روک لیا۔ مسلح افراد نے بس کو اپنے کنٹرول میں لیا اور عملے کو یرغمال بناتے ہوئے گاڑی کو کسی نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کی جانے والی کارگو بس میں چاول اور آموں کی ایک بڑی کھیپ (کمرشل سامان) لدی ہوئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے علاقے کو گھیراؤ میں لے کر ڈرائیور، عملے، کارگو بس اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہائی جیکنگ کے اس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات و واقعات کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار عناصر کی شناخت کے لیے باقاعدہ انکوائری اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔