تربت : جبری لاپتہ نثارکریم کے لواحقین کا دھرنا سی پیک شاہراہ پر جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ کلاہو سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ نثار کریم کے لواحقین کا احتجاجی دھرناتربت میں ڈی بلوچ کے مقام پر سی پیک شاہراہ پر جاری ہے ۔

آل پارٹیز کیچ کی ایک وفد جس میں کنوینر نواب شمبے زئی، نیشنل پارٹی کیچ کے صدر یونس جاوید، بی این پی کے نصیر احمد گچکی، نوروز بلوچ، جماعت اسلامی کیچ کے سابقہ امیر غلام یاسین بلوچ،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے یلان زامرانی، بی این پی عوامی کے ضلعی صدر سید عابد نور بلوچ شامل تھے، نے ڈی بلوچ میں بیٹھے لاپتہ نثار کریم کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ڈی بلوچ میں بیٹھے کیمپ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر لاپتہ نثار کریم کے والد اور دیگر لواحقین نے کہاکہ نثار کریم 30جولائی 2023سے لاپتہ ہے وہ بیگناہ ہے ان کی بازیابی کیلئے ہم نے ماضی میں بھی احتجاج کیاہے،سابقہ ڈی سی کیچ نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ بازیاب ہونگے لیکن ابھی تک لاپتہ ہیں،وہ گھر کے کفیل تھے مزدوری کیا کرتے تھے،لیکن ابھی تک انہیں بازیاب نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ضلعی چیئرمین کے پاس بھی ہم فریاد لیکر گئے ہیں کوئی شنوائی نہیں،انہوں نے کہاکہ آج اے ڈی سی مقبول انور آئے ہیں لیکن کوئی خاطر خواہ جواب ان کے پاس نہیں۔

انہوں نے کہاکہ احتجاج شوق نہیں ہماری مجبوری ہے۔

اس موقع پر آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے کہاکہ ضلع کیچ میں بالخصوص اور بلوچستان میں بالعموم یہ ایک اہم مسئلہ ہے، سیاسی جماعتوں کا مؤقف ہے کہ لاپتہ افراد اگر مجرم ہیں انہیں آئین وقانون کیمطابق سزا دی جائے کسی اور کے گناہ کا سزا انکے بھائی یا کسی رشتہ دار کو دینا انتہائی زیادتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ لواحقین اکیلے نہیں ہماری ہمدردیاں انکے ساتھ ہیں،وہ بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کی بازیابی لواحقین کرب وتکلیف کا سامنا کررہی ہیں، جبری گمشدگیوں کا مسئلہ سنگین معاملہ ہے۔

Share This Article