بی وائی سی کی پریس کانفرنس: ڈاکٹر ماہ رنگ و ساتھیوں کی غیرمشروط رہائی و سرفراز بگٹی کیخلاف قتل عام کا مقدمہ درج کرنیکا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
8 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ریاستی بربریت ، قتل عام اور ڈاکٹر ماہ رنگ و دیگر ساتھیوں کی جبری گمشدگی کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کا دھرنا سریاب روڈ پر جاری ہے جبکہ انٹرنیٹ و موبائل سروسز مکمل بند ہیں۔

بی وائی سی رہنمائوں نے دھرنا گاہ سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ و ساتھیوں کی غیرمشروط رہائی اور سرفراز بگٹی وآئی جی پولیس کے کیخلاف قتل عام کامقدمہ درج کئے بغیر کئے بغیر دھرنا احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، 19 مارچ کو سول اسپتال سے جبری گمشدگی کے شکار افراد کے لواحقین کو، اور 20 مارچ کی صبح سویرے بی وائی سی کے مرکزی رہنما بیبگر بلوچ، ان کے بھائی ڈاکٹر حمل بلوچ اور اسی دن بولان میڈیکل کالج کے وائس پرنسپل ڈاکٹر الیاس بلوچ کو جبری طور پر لاپتا کیا گیا، اور بعد میں انہیں غیر قانونی طور پر پولیس ریمانڈ میں دیا گیا۔ ان واقعات کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بلوچستان کے سامنے ایک پُرامن دھرنے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کل، جیسے ہی عوام دھرنے کے لیے جمع ہو رہی تھی، کوئٹہ پولیس نے پُرامن مظاہرین پر یلغار کر دی۔ آنسو گیس، ڈنڈے اور واٹر کینن کے استعمال کے بعد مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد، جن میں ایک 12 سالہ معصوم بچہ، نعمت اللہ بھی شامل تھا، شہید ہو گئے، جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے دو کی حالت شدید تشویشناک ہے اور وہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کل شام سے سریاب روڈ، کوئٹہ میں خون میں لت پت معصوم لاشوں کے ہمراہ احتجاج کر رہے ہیں۔ جبکہ آج صبح سویرے ریاستی پولیس نے دوبارہ پرامن دھرنا پر حملہ کردیا، جس میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو دیگر خواتین کے ھمبراہ جبری طور پر گمشدہ کردیا ہے، خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ لاشوں کو بھی اپنے ساتھ لیے گئے ہیں۔ یہ ریاستی جبر، درندگی اور دہشتگردی کی انتہاء ہے۔

بی وائی سی رہنمائوں نے کہا کہ نہ ہمارے پاس الفاظ ہیں اور نہ ہی اپنے درد کو بیان کرنے کا کوئی ذریعہ۔ آج ریاست کی بربریت اور اس قتلِ عام کے بعد اختیار کیے جانے والے بیانیے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہماری زندگیوں کی کوئی قیمت نہیں! بلوچ قوم کی نسل کشی کو کس قدر آسان بنا دیا گیا ہے!

ان کا کہنا تھا کہ اس خون ریزی اور بدترین ظلم کے باوجود، ریاستِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ مظاہرین کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تو کیا 12 سالہ معصوم نعمت اللہ، 22 سالہ حبیب اللہ اور امداد نے خود کو گولیاں ماری ہیں؟ کیا درجنوں لوگوں نے خود کو زخمی کیا ہے؟ آج پورا کوئٹہ شہر ریاستِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے بدترین مظالم اور جبر کا چشم دید گواہ ہے، لیکن اس کے باوجود، بلوچ قوم کے قاتل کتنی مہارت سے جھوٹ بول رہے ہیں!

انہوں نے کہا کہ ہم ریاستِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بے حس حکمرانوں اور جرنیلوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ آئیے، دیکھیے! اپنے جبر اور بربریت کے کارنامے ملاحظہ کیجیے۔ 12 سالہ نعمت اللہ آپ کی گولیوں کا نشانہ بن کر اس دنیا سے رخصت ہو چکا ہے، 22 سالہ نوجوان حبیب اللہ گولیوں سے چھلنی ہو کر زندگی کی بازی ہار چکا ہے، امداد آپ کی درندگی کا شکار ہو کر دنیا چھوڑ چکا ہے۔ ان کے لاشوں کو بھی آپ اغواہ کرکے لیے گئے ہیں۔
آپ نے ڈاکٹر ماہ رنگ اور دیگر خواتین کو اغواہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آیئے، ہم آپ کو آپ کی بربریت کے ثبوت دکھاتے ہیں! دیکھیں کہ کوئٹہ کی سڑکیں آپ نے خون سے رنگین کر دی ہیں۔ پریس کانفرنسز اور اخباری بیانات سے آپ اپنی درندگی اور جبر کو نہیں چھپا سکتے۔ خون کو مٹایا نہیں جا سکتا، جبر اور بربریت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ آپ کی تاریخ بلوچستان میں صرف قتل و غارت گری کی تاریخ ہے۔ آپ کی تاریخ ہماری ماؤں کی گودیں اجاڑنے کی تاریخ ہے۔ آپ کی تاریخ ہمارے گھروں کو خون آلود کرنے کی تاریخ ہے۔ آج اس ریاست اور اس کی وفاقی سیاسی جماعتوں کو بلوچستان کا ہر بچہ صرف قاتل اور جابر کے طور پر یاد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ریاستِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کوئٹہ میں لاکھوں لوگوں کے سامنے ہونے والے قتلِ عام کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں، تو آپ خود اندازہ لگائیں کہ یہ لوگ سینکڑوں میل دور، دور دراز کے علاقوں میں ہونے والی بربریت کو کس طرح چھپاتے ہوں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس پریس کانفرنس کے توسط سے بین الاقوامی میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آئیں، خود ان لاشوں کو دیکھیں، اس جبر اور بربریت کو دیکھے اور سچ دنیا کے سامنے لے آئیں۔

ہم اس پریس کانفرنس کے ذریعے اعلان کرتے ہیں کہ ہمارا دھرنا سریاب میں اسی مقام جاری رہے گا، اور جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
جبکہ ہم اب حکومت پر واضح کرتے ہیں کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبگر بلوچ سمیت تمام گرفتار دوستوں کو فوری طور پر رہا کریں وگرنہ پورا بلوچستان کو ہم غیر مہینہ مدت کے لیے سیل کریں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری ریاست اور حکومت پر عائد ہوگی۔

ہمارے مطالبات درج ذیل ہیں:
۱- ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبگر بلوچ سمیت تمام گرفتار دوستوں کو فوری طور پر بغیر کسی شرط س شرائط کے رہا کریں۔
۲-اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افراد کو زخمی اور تین افراد کو شہید کرنے کے خلاف وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور انہیں فوری طور پر برطرف کیا جائے۔
۳-. کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو فوری برطرف کیا جائے۔
۴-. بلوچ سیاسی کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور تمام جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں۔

Share This Article