لاپتہ افراد کو فیک انکائونٹرز میں قتل کرنیکا سلسلہ بند کیاجائے، نصر اللہ بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

وی بی ایم پی کے چیرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے جانب سے قائم دنیا کی طویل ترین اور پرامن احتجاجی کیمپ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 5311 دن مکمل ہوگئے ۔

انہوں نے کہا کہ تنظیمی سطح پر ہم پندرہ سال سے لاپتہ افراد کے مسئلے کو ملکی قوانین کے تحت حل کرانے کے حوالے سے پرامن اور آئینی طریقے سے جد و جہد کررہے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ جبری طور پر لاپتہ افراد کو بازیاب کیاجائے، جن لاپتہ افراد پر الزام ہے انہیں منظر عام پر لاکر عدالت میں پیش کیاجائے، جو لاپتہ افراد اس دنیا میں نہیں ہیں انکے خاندان کو بتایا جائے کہ انکے پیارے اس دنیا میں نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کو فیک انکائونٹرز میں قتل کرنے کے سلسلے کو بند کیاجائےجو ریاست کا مجرم ہے انہیں عدالت کے ذریعے سزا دی جائے، لاپتہ افراد کے مسئلے کو ملکی قوانین کے تحت حل کیاجائے، ملکی اداروں کو یہ پابند کیا جائے کہ وہ جو بھی اقدام اٹھائے وہ ملکی قوانین کے تحت اٹھائے اور جو بھی ملکی ادارہ ماورائے آئین اقدامات اٹھائے انہیں انصاف کے کہٹرے میں لاکر اس کے خلاف ملکی قوانین کے تحت کاروائی کی جائے۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ اپنے ان آئینی مطالبات کے حوالے سے کئی سالوں سے پرامن اور آئینی طریقے سے جد و جہد کررہے ہیں اس حوالے سے تنظیمی سطح پر انصاف کے فراہمی کے لیے بنائے گئے اداروں کے دروازوں پر دستک دیتے آرہے ہیں اور اس دوران جتنی بھی حکومتیں برسرار اقتدار آئی ہے انکے سامنے بھی ہم نے اپنے یہ آئینی مطالبات رکھے ہیں لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ کسی بھی سطح پر ہمارے ان آئینی مطالبات پر عملی اقدامات اٹھائے گئے اور نہ ہی اب تک لاپتہ افراد کے مسئلے کے حوالے سے سنجیدگی سے غور فکر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کے مسئلے کے حل کے حوالے سے ریاست اور ریاستی اداروں کا غیر سنجیدہ رویہ ایک غیر جمہوری عمل اور ملکی آئین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے حکمرانوں کو یہ سمجھ جانا چاہیے کہ جبری لاپتہ شخص کو انکا خاندان زندگی بھر بھول نہیں سکتے یہی وجہ ہے کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ اپنے لاپتہ پیاروں کی باحفاظت بازیابی کے لیے کئی سالوں سے سراپا احتجاج ہے اور اہل بلوچستان میں بھی ان ماورائے آئین اقدامات کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں بھی اس مسئلے پر بےچینی پائی جاتی ہے جو ملکی سلامتی کےلیے نیک شکون نہیں ہے اسلیے ریاست اور ریاستی اداروں کے سربراہوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام لاپتہ افراد کو غیر مشروط طور پر رہا، جبری گمشدگیوں اور فیک انکاونٹرز کے سلسلے کو بند اور لاپتہ افراد کے مسئلے کو ملکی قوانین کے تحت حل کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھایا جائے۔

Share This Article
Leave a Comment