بلوچستان کے علاقے خضدارمیں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے انتظامیہ کیخلاف آفیسرزنے ایک احتجاجی ریلی نکالی۔
ریلی پرانے ایڈمن سے نکالی گئی جو مختلف مقامات سے ہوتا ہوا نئے ایڈمن کے سامنے پہنچ کر جلسے کی صورت اختیار کرلی۔
ریلی میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے آفیسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی آفیسر ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید احمد بلوچ کی قیادت میں نکالی گئی۔
ریلی کے شرکا سے چیئرمین جاوید احمد بلوچ ، وائس چیئرمین محمد انور سرپرہ سابق چیئرمین مختیار احمد حلیمی نے خطاب کیا ۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے جائز مطالبات کو یونیورسٹی انتظامیہ جان بوجھ کر پس پشت ڈال کر یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کو خراب کیا جارہا ہے ، اس سے قبل متعدد بار یونیورسٹی انتظامیہ کو اپنے مطالبات پیش کرتے رہے ہیں لیکن یونیورسٹی انتظامیہ ٹال مٹول سے کام لے کر آفیسران کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل انتظامیہ یونیورسٹی کو روز بروز زوال کی طرف لے کر جا رہا ہے ، یونیورسٹی کی رینکنگ گرتی جارہی ہے مگر یہ مفاد پرست انتظامیہ کے ذمہ داران اپنی ذاتی مفادات کے خاطر یونیورسٹی اور ادارے کے ملازمین اور طلبا کے مستقبل کو دا پر لگائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے مطالبات کو دہراتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے سینڈیکیٹ سے منظور شدہ ٹائم اسکیل، سروس اسٹرکچر پر تاحال عمل درآمد نہیں کی جارہی ہے ، یونیورسٹی انتظامیہ نے 2008 اور 2010 سے ابتک آفیسرز کے پروموشن کو جان بوجھ کر روکا ہوا ہے، ٹیکنیکل اسٹاف کی اپ گریڈیشن روک دی گئی ہے ، یونیورسٹی کے آفیسرز کے ساتھ انتقامی کارروائیاں جاری ہیں ، یونیورسٹی ملازمین سے بلاجواز مینٹیننس کے مد میں کٹوتی کی جا رہی ہے جبکہ میٹینس اپنے من پسند لوگوں کی گھروں کی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے آفیسرز کی ڈی آر اے الانس کے بقایاجات دی جائے، بلوچستان یونیورسٹی کے تحت ادارہ ھذا کے ملازمین کو ایم فل، پی ایچ ڈی الائنس دی جائے۔ ایڈمنسٹریٹر اسٹاف کی پروفیشنل کپسٹی بڑھانے کے لیے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے، یونیورسٹی ملازمین کی ہائوسنگ اسکیم پر عملدرآمد کیا جائے۔
مقررین نے مزید کہا کہ ہم اپنے جائز مطالبات کے حصول کے لیے اپنے پر امن احتجاج کو مزید وسعت دینگے جب تک کہ ہمارے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جا تا ہے۔