— ایرانی فوج نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس کے مقتول رہنما اسماعیل ہنیہ کو کم فاصلے سے مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کی پاسدارنِ انقلاب فورس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ ایک شارٹ رینج پروجیکٹائل کا نشانہ بنے جس میں سات کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
اسماعیل ہنیہ بدھ کو تہران میں پاسدارانِ انقلاب کی عمارت میں مقیم تھے جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ ان کی ہلاکت کے بعد ہفتے کو ایران کی جانب سے پہلا بیان سامنے آیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ شدید ہو گا اور جوابی کارروائی کے لیے مناسب وقت، جگہ اور طریقے کا انتخاب کیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا ذمے دار اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ "ہنیہ کا قتل مہم جو اور دہشت گرد صیہونی حکومت نے کیا ہے۔”