رفح میں اسرائیل اور حماس کے درمیان سخت لڑائی جاری

0
82
فوٹو: ای پی اے

غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیل اور حماس کے درمیان سخت لڑائی جاری ہے ۔

غزہ کے جنوب میں اسرائیلی فوج کی جانب سے شدید بمباری ہفتے کو بھی جاری رہی جب کہ کویت کی مدد سے چلنے والے ایک اسپتال کا کہنا ہے کہ رفح میں پناہ لیے ہوئے دو افراد اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

گزشتہ دس روز سے اسرائیلی فوج اور فلسطینی جنگجوؤں میں بقول اسرائیلی فوج کے محدود جھڑپیں جاری ہیں۔

عالمی مخالفت کے باوجود اسرائیلی فورسز کی رفح میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں جہاں لاکھوں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔

مذاکرات کاروں کو امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے کوئی حل نکل آئے گا۔ تاہم امدادی گروپوں کا کہنا ہے کہ رفح میں فوجی آپریشن سے امدادی سرگرمیاں مزید متاثر ہوئی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندوں، عینی شاہدین اور غزہ میں کام کرنے والے طبی رضاکاروں کا کہنا ہے کہ جبالیہ مہاجرین کیمپ میں بھی سخت لڑائی جاری رہی۔

اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان لڑائی کے سنگین ہونے کے ساتھ ساتھ عارضی امریکی بندرگاہ سے غزہ میں امداد کی فراہمی کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ عارضی بندرگاہ سے پہلی امداد غزہ میں داخل ہوچکی ہے جب کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اگلے چند دنوں میں عارضی بندرگاہ سے پانچ سو ٹن امداد غزہ میں داخل ہو گی۔

لیکن اقوامِ متحدہ اور دوسرے انسانی امداد کے گروپوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتِ حال پہلے سے سنگین ہوچکی ہے اور عارضی بندرگاہ زمینی راستے سے آنے والے ٹرکوں کی جگہ نہیں لے سکتی۔

یورپی یونین نے قبرض کے نزدیک اس عارضی بندرگاہ سے آنے والی امداد کا خیر مقدم کیا ہے۔ لیکن ساتھ ساتھ اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زمینی راستوں سے بھی امداد کو جاری رہنے دے۔

فلسطینی عسکری تنظیم حماس کا بھی کہنا ہے کہ عارضی بندرگاہ زمینی راستوں کا متبادل نہیں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here