غزہ پر اسرائیل کے حملے میں اہم کمانڈر اور بچی سمیت 10 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کیے جانے والے حملے کے نتیجے میں ایک عسکریت پسند کمانڈر سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے فلسطینی عسکریت پسند کمانڈر تیسیر الجعبری کی جانب سے مبینہ طور پر دی جانے والی دھمکیوں کے ردعمل میں یہ کارروائی کی تھی۔

مقامی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچی بھی شامل ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ کارروائی گذشتہ دنوں غرب اردن میں فلسطینی اسلامک جہاد، پی آئی جے کے ایک سرکردہ رہنما کی گرفتاری سے پیدا ہونے والے تناؤ کے بعد کی گئی ہے۔

غزہ میں موجود پی آئی جے نے یہ دھمکی دی تھی کہ مرکزی اسرائیل کو بموں سے نشانہ بنایا جائے گا۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پی آئی جے نے ابتدائی ردعمل میں اسرائیل پر 100 سے زیادہ راکٹ فائر کیے تاہم زیادہ تر کو اسرائیل کی آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس شیلڈ نے روک دیا۔

ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں اسرائیلی وزیر اعظم یائیر لاپڈ نے کہا کہ `اسرائیل نے ایک فوری خطرے کے خلاف، دہشت گردی کے خلاف ایک درست آپریشن کیا۔‘

وزیراعظم یائیر لاپڈ نے کہا تھا کہ اسرائیل دہشت گرد تنظیموں کو ایجنڈا سیٹ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انھوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ `جو بھی اسرائیل کو نقصان پہنچانے کے لیے کھڑا ہو گا اسے بتایا دیں کہ ہم اس تک جا پہنچیں گے۔

ہماری سکیورٹی فورسز اسرائیلی شہریوں کو لاحق خطرے کو حتم کرنے کے لیے اسلامک جہاد کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔‘

اسرائیل کی دفاعی افواج آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ اس نے ان جگہوں کو نشانہ بنایا ہے جو پی آئی جے سے منسلک ہیں۔

ان میں غزہ شہر کا بلند ٹاور بھی شامل ہے، حملے سے وہاں ایک بڑے دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے نتیجے میں عمارت سے دھواں اٹھنے لگا۔

مقامی صحت سے منسلک حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں پی آئی جے کے کمانڈر تیسیر الجعبری اور پانچ سالہ بچی سمیت متعدد افراد شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 55 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی ڈی ایف کا اندازہ ہے کہ 15 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment