ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز کی فہرست میں شامل کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے فٹبال کلب بارسلونا چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
منگل کو 33 سالہ میسی نے ہسپانوی کلب بارسلونا کی انتظامیہ کو فیکس بھیجا جس میں انھوں نے اپنے معاہدے میں شامل شق کا حوالہ دیتے ہوئے کلب سے فوری رخصت کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کو چیمپئینز لیگ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں میسی کی بارسلونا کو بائرن میونخ کے ہاتھوں 8 -2 سے شرمناک شکست ہوئی تھی۔
دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز ، بالون ڈی اور چھ بار جیتنے والے لیونل میسی نے سنہ 2004 میں بارسلونا میں شمولیت اختیار کی تھی اور یہ ان کے کیرئیر کا واحد کلب ہے۔ بارسلونا کے ساتھ وہ چار بار چیمپئینز لیگ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بارسلونا کے ساتھ میسی کا معاہدے اگلے سال تک کا ہے اور اس میں ایک اور شق کے مطابق اگر کوئی اور کلب منیسی کو خریدنا چاہتا ہے تو اس کے لیے انھیں 70 کروڑ یوروز ادا کرنے ہوں گے۔
میسی کی جانب سے فیکس پیغام بھیجنے کے بعد کلب انتظامیہ کی ملاقات متوقع ہے جہاں وہ مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
کہا جا رہا ہے کہ اگر بارسلونا کے صدر جوزپ ماریا بارٹومیو اپنے عہدے سے استعفی دے دیں تو ممکن ہے کہ میسی اپنا فیصلہ واپس لے لیں لیکن حالات کو دیکھتا ہوئے گمان یہی ہے کہ میسی نے کلب چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
میسی کی جانب سے کلب چھوڑنے کا فیکس بھیجنے کی خبر کے بعد بارسلونا کے حامیوں کی بڑی تعداد ان کے سٹیڈیم نو کیمپ کے باہر جمع ہو گئی اور انھوں نے انتظامیہ اور بورڈ کے خلاف مظاہرے کیے۔
اس فیصلے کے بعد میسی اور کلب کے مابین قانونی جنگ متوقع ہے۔
میسی کے اس فیصلے کے بعد انٹرنیٹ پر یہ خبر آگ کی طرح پھیل گئی, دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین نے اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے۔
میسی کے سابق ساتھی اور بارسلونا کے سابق کپتان کارلوس پیئول نے ٹویٹ میں ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: ‘صرف تعریف اور تائید، لیو میرے دوست۔’