بلوچستان کے اضلاع مستونگ اور کیچ میں پاکستانی فوج کو دو شدید نوعیت کے حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں فورسز کے مرکزی کیمپ کی تباہی اور متعدد اہلکاروں کی ہلاکت و زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے کانک میں قائم پاکستانی فورسز کے مرکزی بیس کیمپ کو ایک انتہائی شدید دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھرا ایک ٹرک فورسز کے مرکزی کیمپ سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس حملے میں فورسز کا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اور فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق اور مزید تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔ واقعے کے بعد فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، ضلع کیچ کے علاقے شہرک میں پاکستانی فورسز کے پیدل گشت کرنے والے دستے کو ایک بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کم از کم ایک فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
دونوں واقعات کے حوالے سے تاحال کسی بھی مسلح تنظیم کی جانب سے ذمہ داری قبول کرنے کا باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔