یوکرین کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدے کے مسودے پر امریکہ کے ساتھ اتفاق ہو گیا ہے۔
یہ مسودہ گذشتہ ہفتے امریکہ کی طرف سے کئیو پیش کیے گئے 28 نکاتی منصوبے پر مبنی ہے، جس پر امریکی اور یوکرینی حکام کے درمیان جنیوا میں مذاکرات ہوئی تھے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کی بنیاد پر منصوبے میں ترامیم کر دی گئی ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کو اگلے ہفتے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ امریکی وزیر دفاع ڈین ڈرسکول کی اس ہفتے یوکرینی رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے۔
منگل کے روز یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ وہ بقایا ’حساس نکات‘ پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ٹرمپ سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ ان کی انتظامیہ اس ماہ کے اختتام سے قبل ملاقات کی کوشش کر رہی ہے۔
اس سے قبل یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے متنازع 28 نکاتی امن منصوبے میں مجوزہ تبدیلیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اب جنگ کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کی فہرست قابل عمل ہو سکتی ہے۔‘